سرینگر (جموں و کشمیر):کشمیر میں تمام مسافر گاڑیاں 9 اور 10 جنوری کو دو روزہ ’’اسٹیئرنگ چھوڑا آندولن‘‘ (ہڑتال) کا اہتمام کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ہڑتال کی کال نہ صرف کشمیر بلکہ مہاراشٹرا، نئی دہلی اور کئی دوسری ریاستوں میں ٹرانسپورٹرز کے ذریعے دی گئی ہے۔ آل کشمیر ٹرانسپورٹرز کنفیڈریشن کے چیئرمین محمد شفیع میر نے کہا کہ ’’یہ مربوط کوشش ملک بھر میں ٹرانسپورٹرز کے مطالبات کے حق میں ہے۔ میر نے زور دے کر کہا: ’’تمام مسافر گاڑیاں 9 جنوری اور 10 جنوری کو اسٹیئرنگ چوڑو آندولن کا اہتمام کریں گی۔‘‘
تاہم متحدہ کل ہند اسٹرائیک میں جے کے آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے خود کو اس ہڑتال سے دور رکھا ہے، ایسوسی ایشن نے ایک ویڈیو بیان میں ہڑتال کی کال دی جانے والی کسی بھی رپورٹ کی تردید کی۔ اور مختلف ٹرانسپورٹ گروپس کے متضاد پیغامات، بیانات نے لوگوں سمیت حکام کو بھی غیر یقینی صورتحال میں ڈال دیا ہے۔ ہڑتال کرنے والے ٹرانسپورٹرز کا بنیادی مطالبہ ’’ہٹ اینڈ رن‘‘ کیسز کے سلسلے میں حکومت ہند کی جانب سے متعارف کرائے گئے تعزیری دفعات کو واپس لینا ہے۔ یہ متنازعہ مسئلہ ٹرانسپورٹرز کی طرف سے ملک گیر احتجاج کا باعث بنا ہوا ہے، جس میں مختلف ریاستوں کی ڈرائیور تنظیمین یکجہتی میں شامل ہو رہی ہیں۔