جموں و کشمیر کے ریاستی انتخابی کمشنر کے کے شرما نے سرینگر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر امیدوار کو معقول سیکیورٹی کے تحت اپنی انتخابی مہم چلانے کا انتظام رکھا گیا ہے، چونکہ محبوبہ مفتی سابق وزیراعلیٰ رہی ہیں جس کی وجہ سے انکی سیکیورٹی کا معقول خیال رکھنا لازمی ہے۔
کے کے شرما کے نے کہا کہ کشمیر کے انسپکٹر جنرل آف پولیس کے مطابق جمعہ کو وہ تعزیت کے لیے جارہی تھیں تاہم پولیس نے انکی حفاظت کو مد نظر رکھتے ہوئے جانے کی اجازت نہیں دی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ محبوبہ مفتی اپنے امیدواروں کی مہم چلانے کے لیے مکمل طور سے آزاد ہیں اور ان کے سیکیورٹی کے بھی انتظامات کیے جارہے ہیں۔
غور طلب ہے کہ محبوبہ مفتی اور پیوپلز الائنس فار گپکار ڈکلیریشن کے امیدواروں اور لیڈران نے انتظامیہ پر الزام عائد کیا تھا کہ ان کو ڈی ڈی سی انتخاباتی مہم چلانے سے روکا جارہا ہے اور انتظامیہ نے ان کو ہوٹلوں و سرکاری عمارتوں میں قید کیا ہوا ہے، جس سے انکی مہم متاثر ہو رہی ہے۔ تاہم الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ یہ انتظامات سیکورٹی کو مد نظر رکھتے ہوئے کیے گئے ہیں تاکہ امیدوار محفوظ رہیں۔