سرینگر (جموں و کشمیر):اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے ایک حصے کے طور پر جموں میں ای بائیسکل سروس کے بعد اب شہر سرینگر میں بھی پری پیڈ ای بائیسکل سروس متعارف کی گئی ہے۔ آزمائش کے طور پر یہ سروس لال منڈی سے راج باغ تک شروع کی گئی ہے۔ ایسے میں راجباغ، بڈشاہ چوک کے علاوہ شہر کے دیگر 70 مقامات پر نشاندہی کی گئی ہے جہاں پر پری پیڈ ای بائیسکل سروس متعارف کی جا رہی ہے۔ شہر سرینگر میں مختلف مقامات پر سائیکل اسٹینڈ قائم کرنے کے لیے 6 کروڑ 23 لاکھ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔ اسی کڑی کے تحت شہر کے 5 مقامات پر بائیسکل سروس کو آزمائش کے طور پر شروع کیا گیا۔ یہ پروجیکٹ پرائیوٹ پبلک پارٹنرشپ اور نجی شراکت داری سے سمارٹ سٹی مشن کے ایک حصے کے طور پر شروع کیا گیا ہے۔
سائیکل سروس سے کوئی بھی شخص استفادہ کر سکتا ہے۔ جبکہ اس کے استعمال پر پہلے آدھے گھنٹے کے لیے کوئی کرایہ نہیں ہوگا جبکہ ایک گھنٹے کے لیے سائیکل پر 5 روپے کرایہ مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح 2 گھنٹے کے لیے 10 روپے ،2 سے 3 گھنٹے کے لیے25 روپے اور 3 سے 4 کے لئے 50 جبکہ 4سے5گھنٹے تک ای سائیکل پر 100 روپے کرایہ رکھا گیا ہے۔