سرینگر:جموں و کشمیر کے صوبۂ کشمیر میں شدید سردی کا سلسلہ جاری ہے۔ جہاں آج جموں و کشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر میں اس سال کا سب سے کم درجۂ حرارت درج کیا گیا۔ وہیں وادی کے دیگر اضلاع میں بھی درجۂ حرارت صفر سے نیچے ہی رہا۔ محکمۂ موسمیات کے بیان کے مطابق، سری نگر میں کل رات کو منفی 5.3 ڈگری سیلسیس درجۂ حرارت درج کیا گیا۔ یہ رواں برس موسم سرما میں سری نگر کے باشندگان کے لیے سب سے سرد ترین رات تھی۔ محکمہ کے مطابق، جنوبی کشمیر کے قاضی گڑھ علاقہ میں منفی 3.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، پہلگام میں منفی 5.30 ڈگری سیلسیس اور کوکر ناگ میں منفی 2.1 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ وہیں جنوبی کشمیر کے گلمرگ میں کل رات کا کم از کم درجۂ حرارت منفی 5.5 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا اور کفارہ میں منفی 3.7 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:
کشمیر میں رواں موسم کی سرد تریں رات ریکارڈ
صوبہ جموں کے بیشتر علاقوں میں درجۂ حرارت صفر سے اوپر ہی رہا تاہم بانیہال میں سب سے کم منفی 1.2 ڈگری سیلسیس درجۂ حرارت درج کیا گیا، جس کے سبب جموں صوبہ کی سب سے سرد ترین رات یہاں کے لوگوں نے محسوس کی۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق، سرمائی راجدھانی جموں میں کل رات کا کم از کم درجۂ حرارت 7.3 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا، کٹرا کا 6ا چھ ڈگری سیلسیس، کٹھوعہ کا 6.9 ڈگری سیلسیس، راجوری اور ادم پور میں 4.4 ڈگری سلس درج کیا گیا۔ بانیہال کے بعد بھدیروہ میں جموں صوبہ میں سب سے سرد ترین رات محسوس کی گئی، جب وہاں رات کا درجۂ حرارت صفر سے نیچے گر کر منفی 0.2 ڈگری سیلسیس پر پہنچ گیا۔
وہیں مرکزی زیر انتظام لداخ کے لیہہ میں منفی 12.2 ڈگری درج کیا گیا، کارگل میں منفی 8.2 ڈگری سیلسیس اور دراس میں منفی 10.9 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ اس سرد ترین ایام کے دوران جہاں جموں وکشمیر اور لداخ کے لوگ گرم ملبوسات، حمام اور دیگر آلات سے خود کو گرم رکھتے ہیں۔ وہیں روزمرہ کے کاموں میں مشکلات بھی دیکھی جاتی ہیں۔ وہیں محکمۂ موسمیات نے آئندہ ایک ہفتہ میں خطہ میں درمیانی ایام میں بھاری برف باری کی پیشین گوئی بھی کی ہے۔