محکمہ جل شکتی (کشمیر) سے وابستہ عارضی ملازمین نے جموں میں محکمہ جل شکتی میں یومیہ اجرت پر کام کر رہے عارضی ملازمین کے ہڑتال کی حمایت میں ہفتے کو سرینگر کی پریس کالونی میں احتجاج کیا۔
احتجاجی ’’جموں والو قدم بڑھاؤ ہم تمہارے ساتھ ہیں‘‘، ’’پی ایچ ای ایمپلائز یونائیٹڈ فرنٹ جموں زندہ باد‘‘ کے نعرے بلند کر رہے تھے۔
اس موقع پر جموں و کشمیر کیجول ڈیلی ویجرس فورم کے صدر سجاد احمد پرے نے بتایا کہ جموں کے محکمہ جل شکتی کے عارضی ملازمین اپنے مطالبات کو لے کر کام چھوڑ ہڑتال پر ہیں لیکن حکومت ان کی طرف توجہ نہیں دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا: ’’جموں میں محکمہ پی ایچ ای (جل شکتی) کے عارضی ملازمین کام چھوڑ ہڑتال پر ہیں لیکن ان کا کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ ان سے کام لیا جاتا ہے لیکن آج ان کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جار ہی ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ اگر یونین ٹریٹری انتظامیہ ان عارضی ملازمین کے مطالبات جیسے، اجروتوں کی واگزار اور نوکریوں کی مستقلی کو پورا نہیں کرتی ہے تو کشمیر صوبہ میں محکمہ جل شکتی میں کام کرنے والے عارضی ملازمین ہڑتال پر جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عارضی ملازمین کی ہڑتال سے جموں میں ہا ہا کار مچی ہوئی ہے لیکن حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی ہے۔