سرینگر:سرینگر کی پرتاب پارک سے 'میری مٹی میرا دیش' پروگرام کے تحت ہفتے کے روز ایک ریلی برآمد کی گئی۔ اس ریلی میں اسکولی بچوں کے علاوہ پولیس اہلکاروں اور سول سوسائٹی کے افراد نے حصہ لیا۔اس موقع پر ایک پولیس افسر نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ریلی لالچوک تک جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس ریلی میں کافی تعداد میں اسکولی طلبہ، سول سوسائٹی کے لوگ، دکاندار اور محکمہ پولیس کے اہلکار شرکت کر رہے ہیں۔
میری مٹی میرا دیش پروگرام کے مقصد کے بارے میں پوچھے جانے پر موصوف افسر نے کہا کہ اس کا مقصد لوگوں میں قوم کے تئیں جذبہ پیدا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سے ہم اپنے ان ہیروز جنہوں نے وطن کے لئے قربانیاں دی ہیں، سے واقف ہوں گے۔بتادیں کہ وادی کے دیگر حصوں میں بھی اس پروگرام کے تحت ریلیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔