سرینگر:موٹر سائیکل پر جان لیوا کرتب بازی دکھانے والے نوجوانوں کے خلاف پولیس نے کارروائی عمل میں لائی ہے۔ کارروائی کے دوران جان لیوا کرتب دکھانے والے 7 نوجوانوں کو حراست میں لے لیا گیا اور 4 موٹر سائیکل کو بھی ضبط کیا گیا۔ سرینگر پولیس کے مطابق بلوارڈ روڈ پر موٹر سائیکل پر نوجوان خطر ناک کرتب بازی کا مظاہرہ کر رہے تھے جو کہ ان کے لیے جان لیوا ثابت ہوسکتا تھا علاوہ ازیں یہ کرتب دوسروں کے لیے بھی خطرہ بن سکتے تھے۔
جموں و کشمیر پولیس کو اس تعلق سے عام لوگوں کی جانب سے متعدد بار شکایات موصول ہو رہی تھیں۔ ایسے میں سرینگر پولیس نے کرتب بازی کرنے والے 7 نوجوانوں کے خلاف کارروائی عمل میں لاکر انہیں حراست میں لے لیا۔ پولیس کارروائی میں کرتب بازی کے لئے استعمال میں لائی جانے والی 4 موٹر سائیکلز کو بھی ضبط کر لیا گیا۔ پولیس بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ 7 نوجوان نہ صرف خود بلکہ دوسروں کی جانوں کے لیے بھی خطرہ بن رہے تھے۔