سرینگر (جموں و کشمیر) :جموں کشمیر کے دارالحکومت سرینگر میں شہریوں کو کتوں کے کاٹنے کا خطرہ ہر وقت منڈلا رہا ہے۔ تاہم اب کتوں کی بڑھتی آبادی پر قابو پانے کے لئے سرینگر میونسپل کارپوریشن نے کتوں کی نس بندی کا آغاز کیا ہے اور سرینگر شہر کے ٹینگہ پورہ کے ’’انیمل برتھ کنٹرول سینٹر‘‘ میں سرینگر میونسپل کارپوریشن (ایس ایم سی) ہر روز 80 کتوں کی نس بندی کرے گی۔ اس سینٹر کے قیام سے شہریوں میں ایک امید پیدا ہوئی ہے اور ایس ایم سی کتوں پر قابو پانے میں شہریوں کا تعاون چاہتی ہے۔
ایس ایم سی کے ویٹرنری ڈاکٹر توحید احمد نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ کتوں کی نسبندی انیمل ویلفئر بورڈ کے ضابطہ اخلاق کے دائرے میں کرنی ہے جس کے لئے بڑا محتاط رہنا پڑتا ہے۔ شہر کی مختلف بستیوں سے کتوں کو لاکر یہاں مکمل دیکھ ریکھ کرکے نس بندی کی جا رہی ہے۔ نس بندی کے بعد ان کتوں کو انمل ویلفیئر بورڈ کے قانون اور ضابطوں کے مطابق واپس اپنے اپنے علاقوں میں چھوڑا جا رہا ہے۔
کارپوریشن کے مطابق شہر میں ایک لاکھ سے زائد کتے ہیں جن کی نسبندی کرنے میں کافی وقت درکار ہے۔ اطہر عامر خان - کمشنر، ایس ایم سی - کے مطابق ٹینگہ پورہ مرکز میں کتوں کی نسبندی سے شہر میں کتوں کی تعداد کو کم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس مرکز کے علاوہ شہامہ اور چھترہامہ مراکز پر بھی کتوں کی نسبندی کی جائے گی جس سے کتوں کی آباد پر قابو پایا جا سکتا ہے۔