سرینگر:وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ مرمتی کام کے پیش نظر بدھ کے روز ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند رہے گی۔ جموں وکشمیر ٹریفک پولیس نے بتایا کہ سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر بدھ کے روز ناشری سے نویوگ ٹنل کے درمیان ٹریفک کی نقل و حمل معطل رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہ پر صبح کے 9 بجے سے کسی بھی گاڑی کو قاضی گنڈ سے جموں جانے کی اجازت نہیں ہوگی اور عوام کے تحفظ کے لئے ناشری ویاڈکٹ پر گرڈر لگانے کے پیش نظر کسی بھی گاڑی کو دس بجے سے اودھم پور سے سری نگر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ تاہم جنوبی کشمیر کو صوبہ جموں کے راجوری اور پونچھ اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ اور سری نگر – لیہہ شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل حسب معمول جاری رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں:حسنین مسعودی نے سرینگر جموں شاہراہ کا معاملہ لوک سبھا میں اٹھایا