سرینگر (جموں و کشمیر):اسرار رہبر نامی ایک کشمیری فٹ بال کھلاڑی 2023 کیو آئی اے چیمپئنز لیگ (QIA Champions League) میں قطر کے لیے کھیلے گا۔ اسرار، سرینگر کے رہنے والے ایک غیر معمولی فٹ بال کھلاڑی، نے کیو آئی اے چیمپئنز لیگ میں سٹی ایکسچینج ایف سی میں شمولیت اختیار کی ہے۔ ایونٹ 18 مئی سے شروع ہونے والا ہے۔ فٹ بال کے بڑے مقابلوں میں سے ایک، کیو آئی اے چیمپئنز لیگ، قطر انڈین ایسوسی ایشن (کیو آئی اے) کے زیر اہتمام منعقد کیا جائے گا۔ دوحہ اسٹیڈیم میں لیگ کا آغاز 18 مئی سے ہوگا۔
سنہ 2013 میں اپنے آغاز کے بعد سے ہی کیو آئی اے کو تخلیقی ٹورنامنٹ کے انعقاد پر سراہا جا رہا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ بھارت کے پیشہ ور کھلاڑیوں کو قطر میں مقیم بین الاقوامی کھلاڑیوں کے ساتھ ایک ماہ تک جاری رہنے والے فٹ بال ٹورنامنٹ کی صورت میں ایک پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے۔ اسرار، جو بنگلورو اور جموں و کشمیر کے لئے کئی برسوں تک کھیل چکے ہیں، اب پیشکش موصول ہونے کے بعد کیو آئی اے ٹیم میں شامل ہو گئے ہیں۔ وہ شاید لیگ میں کھیلنے والے کشمیر کے پہلے فٹ بال کھلاڑی ہوں گے۔ اسرار اس سے قبل جے اینڈ کے میں ایف سی ون اور ایف سی بنگلورو یونائیٹڈ کے لیے کھیل چکے ہیں۔ جے و کشمیر کے متعدد فٹ بال کلبز کے لیے کھیلنے کے ساتھ ساتھ انہوں نے سنتوش ٹرافی میں جے اینڈ کے کی نمائندگی بھی کی ہے۔