جموں و کشمیر کی گرمائی دارالحکومت سرینگر میں واقع امر سنگھ کلب میں ہفتے کے روز ایکزیکیٹو باڈی تشکیل دینے کی غرض سے انتخابات منعقد کرائے گئے۔ یہ انتخابات اگرچہ اپنے مقررہ وقت پر نہیں ہو پائے تھے تاہم آج کلب کے ممبران میں کافی جوش دیکھنے کو ملا۔
سرینگر میں واقع یہ کلب سنہ 1933 میں قائم کیا گیا تھا اور جموں و کشمیر کی بیشتر شخصیات اس کلب کے ممبر رہے ہیں۔ کلب کے آئین کے مطابق جموں و کشمیر کے وزیر اعلی اس کلب کے صدر ہوتے ہیں اور انتخابات کے ذریعہ 11 ایکزیکیٹو ممبران کو منتخب کیا جاتا ہے جبکہ چار ممبران ریاستی انتظامیہ کی جانب سے منتخب کیے جاتے ہیں۔ پھر سب ممبران نائب صدر اور سیکریٹری کا انتخاب کرتے ہیں۔
کلب میں ممبران کے لیے تفریح کے مختلف انتظامات کیے گئے ہیں۔ جن میں ٹینس، اسکواش، اور دیگر کھیل شامل ہیں۔
کلب میں آخری انتخابات سنہ 2015 میں ہوئے تھے۔ تاہم اس کے بعد انتخابات اپنے مقررہ وقت پر نہیں ہو پائے۔ جس کی وجہ سنہ 2019 میں دفعہ 370 اور 35 اے کے خاتمے کے بعد پیدا شدہ صورتحال اور پھر عالمی وبا کورونا وائرس کے پیش نظر احتیاطی لاک ڈاؤن ہے۔