اردو

urdu

ETV Bharat / state

کشمیر میں پانچویں روز بھی فضائی ٹریفک معطل

وادی کشمیر میں پانچ دنوں سے جاری شدید دھند نے منگل کے روز بھی لوگوں کا جینا دوبھر کردیا جہاں ایک طرف معمولات زندگی متاثر ہوکر رہ گئے وہیں فضائی ٹرانسپورٹ بھی برابر پانچویں روز بھی معطل رہا اور زمینی ٹریفک کی نقل وحمل میں بھی خلل واقع ہوئی۔

By

Published : Dec 10, 2019, 7:54 PM IST

کشمیر میں پانچویں روز بھی فضائی ٹریفک معطل
کشمیر میں پانچویں روز بھی فضائی ٹریفک معطل

ادھر محکمہ موسمیات نے جہاں وادی میں 15 دسمبر تک برف وباراں کی پیش گوئی کی ہے وہیں معالجین نے بھی شدید سردی کے پیش نظر سن رسیدہ لوگوں اور بچوں کو احتیاطی تدابیر برتنے کی ایڈوائزری جاری کی ہے۔ متعلقہ محکمہ کی پیش گوئی کے مطابق 12 اور 13 دسمبر کو بھاری برف باری متوقع ہے۔
محکمہ ٹریفک نے بھی ڈرائیور حضرات سے دھند کے دوران ہیڈ لائٹس اور فاگ لینس چالو رکھنے اور اوور ٹیکنگ سے ہر حال میں اجتناب کرنے کی بھی تاکید کی ہے۔
دریں اثنا فضائی ٹریفک کی مسلسل معطلی کے بیچ وادی کو ملک کے دوسرے حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر۔جموں قومی شاہراہ ٹریفک کی نقل وحمل کے لئے کھلی ہے جبکہ سری نگر۔ لیہہ شاہراہ اور تاریخ مغل روڑ پر بھی ٹریک رواں دواں ہے۔

وادی میں منگل کے روز بھی گہری دھند کے باعث چہار سو اندھیرا چھایا رہا اگرچہ صبح کے وقت دھند کی شدت زیادہ تھی تاہم دن گزرنے کے ساتھ ساتھ اس میں بتدریج کمی واقع ہوئی۔ جہاں وادی کے میدانی علاقوں میں دھند کافی گہری ہوتی ہے وہیں بالائی علاقوں میں دھند زیادہ گہری نہیں ہوتی ہے۔
دھند کے باعث منگل کی صبح جہاں ڈرائیور حضرات نے ہیڈ لائٹس اور فاگ لینس چالو رکھی تھیں وہیں گاڑیاں انتہائی سست رفتار سے چل رہی تھیں جس کے باعث کئی مقامات پر ٹریفک جام کے معاملات پیش آئے۔
ادھر محکمہ ٹریفک کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ہم نے دھند کے دوران ڈرائیور حضرات سے ہیڈ لائٹس اور فاگ لینس چالو رکھنے اور اوور ٹیکنگ سے اجتناب کرنے کی تاکید کی ہے۔
وادی میں فضائی ٹرانسپورٹ منگل کے روز بھی معطل رہا جس کے باعث ہزاروں کی تعداد میں مسافروں بالخصوص مریضوں، طلبا اور تاجروں کو گوناگوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ایئر پورٹ ذرائع نے بتایا کہ منگل کے روز بھی پروازیں منسوخ ہونے سے مسافروں کو مایوس ہوکر ہی اپنے اپنے گھروں کی راہ لینا پڑی۔
انہوں نے کہا کہ فضائی ٹریفک کی معطلی سے جن مسافروں کی ہوائی ٹکٹوں کو منسوخ کیا گیا ہے ان کو 14 دسمبر کے بعد نئی تاریخ دی گئی ہے۔
فضائی ٹریفک کی مسلسل معطلی کی وجہ سے جہاں ایک طرف کئی امیدوار بیرون ریاست کی کمپنیوں میں انٹرویو دینے سے رہ گئے وہیں کئی تاجروں کے بھی وقت پر نہ پہنچنے کی وجہ سے کنٹریکٹ منسوخ ہوگئے جس کی وجہ سے انہیں بے تحاشا نقصان سے دوچار ہونا پڑا۔
ایک مسافر نے کہا کہ پروازیں منسوخ ہونے کی صورت میں کئی مسافر ایئر پورٹ سے اپنے گھر جانے کے بجائے سیدھے سرینگر جاتے ہیں اور وہاں سے زمینی راستے سے جموں روانہ ہوجاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کئی مسافروں نے اپنی ہوائی ٹکٹیں منسوخ کرکے اسی پیسے سے زمینی سفر کرکے جموں کے لیے رخت سفر باندھ لیا۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details