جموں و کشمیر میں کسانوں کی آمدن کو بڑھانے کے لئے محکمہ زراعت کی جانب سے لیونڈر یعنی حزام کو متعارف کیا جا رہا ہے۔
’لیونڈر کی کاشت کسانوں کے لیے منافع بخش‘ ماہرین کے مطابق لیونڈر کے لیے کشمیر کا موسم انتہائی موافق ہے اور اس کی کاشت سے کسانوں کی آمدن میں کافی اضافہ ہوگا۔
فی الوقت جنوبی کشمیر کے پلوامہ اور بجبہاڑہ علاقوں میں محکمہ زراعت سرکاری طور لیونڈر کی کاشت انجام دے رہا ہے۔ تاہم محکمہ کے ڈائریکٹر چودھری محمد اقبال نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 'دیگر اضلاع میں بھی لیونڈر کو متعارف کیا جارہا ہے۔'
لیونڈر کے معطر پھول سے تیل اخذ کیا جاتا ہے جو صابن، کاسمیٹک، ادویات اور دیگر خوشبو دار اشیاء بنانے میں استعمال ہوتا ہے۔
چودھری اقبال نے بتایا کہ لیونڈر کے تیل کی قیمت فی لیٹر 13 سے 14 ہزار روپے ہے اور جموں کشمیر میں کسان اس کو اگانے میں دلچسپی دکھانے لگے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر میں لیونڈر کی کاشت کو بڑھاوا دینے کے لئے محکمہ زراعت کی جانب سے کسانوں کے لیے آگہی پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں اور مستقبل قریب میں یہ کسانوں کے لیے کافی منافع بخش فصل ثابت ہوگی۔