سرینگر: جموں وکشمیر میں یوم آزادی کی تقریبات کے احسن انعقاد کے لئے دیگر انتظامات کے ساتھ ساتھ سکبورٹی کے فقید المثال انتظامات کیے گئے ہیں۔یونین ٹریٹری کے دونوں خطوں (کشمیر اور جموں) میں یوم آزادی کی تقریبات کے احسن انعقاد کے لئے سکبورٹی کے غیر معمولی انتظامات کبے گئے ہیں۔
سکبورٹی ذرائع کے مطابق یوم آزادی کی تقریبات سے قبل دراندازی کی ممکنہ کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے جموں خطہ میں پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر تعینات سکبورٹی فورسز کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر شبانہ گشت بھی بڑھا دی گئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ یوم آزادی کی تقریبات جہاں جہاں منعقد ہونے والی ہیں، کو چوبیسوں گھنٹے سکبورٹی اہلکاروں کی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔
سرینگر میں بخشی اسٹیڈیم جہاں یوم آزادی کی سب سے بڑی تقریب منعقد ہوگی، کے گرد ونواح میں سکبورٹی کا سخت بندوبست کیا گیا ہے جبکہ سرینگر اور وادی کے دوسرے اضلاع میں راہگیروں کی جامہ تلاشیوں اور گاڑیوں کی چیکنگ کا عمل گذشتہ کئی ہفتوں سے جاری ہے۔
کسی بھی ناگہانی واقعہ سے نمٹنے کے لئے بخشی اسٹیڈیم کے گردو نواح میں جموں وکشمیر پولیس اور نیم فوجی دستوں کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ اسٹیدیم کے قریب واقع تمام اونچی عماروں پر ماہر نشانہ بازوں کو تعینات کیا گیا ہے۔
اسٹیڈیم کے باب الداخلہ کو بھی خاردار تار سے بند رکھا گیا ہے اور صرف سکیورٹی فورسز کی گاڑیوں کو اندر جانے کی اجازت دی جارہی ہے۔ اسٹیڈیم کے گردونواح میں کئی ایک حساس مقامات پر مشتبہ افراد کی نقل وحرکت پر قریبی نگاہ رکھنے کے لئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں اور بلٹ پروف گاڑیاں تعینات کردی گئی ہیں۔