بارہمولہ (جموں و کشمیر) :شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سوپور علاقے میں 70 سالہ معمر شہری کو حج سے واپسی کے فوراً بعد دل کا دورہ پڑا جس کے بعد اسے سکمز اسپتال بمنہ، سرینگر منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد حاجی صاحب کو بہتر طبی امداد کے لیے شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائسنز (سکمز) صورہ منتقل کیا گیا جہاں وہ اس وقت زیر علاج ہے اور معالجین نے حاجی صاحب کی حالت مستحکم قرار دی۔
ابتدائی معلومات کے مطابق ہیگام، سوپور سے تعلق رکھنے والے غلام محمد گوجری، فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد منگل کو گھر پہنچے، تاہم گھر پہنچنے کے فوراً بعد انہیں دل کا دورہ پڑا اور انہیں فوری طور سرینگر کے بمنہ اسپتال پہنچایا گیا۔ حاجی صاحب کے فرزند نے دعویٰ کیا کہ ’’بمنہ اسپتال میں ان کی صحت کے بارے میں ڈاکٹروں کو مغالطہ ہوا اور انہوں نے میرے والد کو SKIMS صورہ منتقل کر دیا جہاں ان کا علاج و معالجہ کیا جا رہا ہے، تاہم اللہ کے فضل و کرم سے اس وقت ان کی صحت بالکل ٹھیک ہے۔‘‘