سرینگر (جموں و کشمیر) :جموں و کشمیر حکومت نے جمعہ کو سرکاری ملازمین کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال کے لیے رہنما خطوط جاری کیے ہیں۔ اس حوالے سے جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ایک سرکیولر جاری کیا گیا ہے جس میں سرکاری ملازمین کی جانب سے سوشل میڈیا کے استعمال سے متعلق رہنما خطوط جاری کیے گئے ہیں اور ملازمین کو کہا گیا ہے کہ وہ ان ہدایت پر سختی سے عمل کریں۔ جاری کیے گئے سرکیولر کے مطابق ملازمین، بالواسطہ، سوشل میڈیا پر کوئی ایسی معلومات شائع، پوسٹ یا جاری نہیں کریں گے جو خفیہ سمجھی جاتی ہوں یا جو عام پھیلانے کے لیے نہ ہوں، اور نہ ہی وہ کسی سرکاری دستاویز یا اس کا کوئی حصہ کسی کو نہیں بھیجیں گے، ملازم یا کوئی ایسا شخص جس کو وہ ایسی دستاویز یا معلومات فراہم کرنے کا مجاز نہیں ہے۔
اس کے مزید کہا گیا ہے کہ ’’کوئی بھی سرکاری ملازم، کسی بھی پوسٹ، ٹویٹ یا دوسری صورت میں سوشل میڈیا پر حکومت کی طرف سے کی گئی کسی پالیسی یا اقدام پر بحث یا تنقید نہیں کرے گا اور نہ ہی وہ کسی بھی طریقے سے سوشل میڈیا پر ایسی کسی بحث یا تنقید میں حصہ لے گا۔‘‘ سرکیولر میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’کوئی بھی سرکاری ملازم سیاسی یا فرقہ وارانہ مواد کو پوسٹ، ٹویٹ یا شیئر نہیں کرے گا یا اس نوعیت کے پیجز، کمیونٹیز یا ٹویٹر ہینڈلز اور بلاگز کو سبسکرائب نہیں کرے گا۔ کوئی بھی سرکاری ملازم خود یا کسی ایسے شخص کے ذریعے جو اس کی دیکھ بھال کے لیے اس پر منحصر ہے، یا اس کی دیکھ بھال یا کنٹرول میں، سوشل میڈیا پر ایسی کوئی سرگرمی نہیں کرے گا جو براہ راست یا بالواسطہ طور پر حکومت کے خلاف ہو۔‘‘