سرینگر: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے چار دنوں کے دوران موسمی صورتحال دگرگوں رہنے کا امکان ہے جس دوران میدانی علاقوں میں بارشیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری متوقع ہے۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے کہا کہ وادی میں 21 جون تک میدانی علاقوں میں رک رک کر بارشیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں برف باری ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد موسم میں بتدریج بہتری واقع ہونے کا امکان ہے۔
محکمے نے باغ مالکان سے 22 جون تک باغوں کی دوا پاشی کرنے سے احتراز کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں سے چٹانیں کھسکنے کے خطرات بھی لاحق ہیں جس کے پیش نظر ڈرائیور حضرات کو احیتاط برتنے کی ضرورت ہے۔ادھر وادی میں ہفتے کی صبح سے ہی رک رک کر بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جبکہ پہلگام اور گلمرگ کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری بھی ہوئی۔
گرمائی دارالحکومت سری نگر میں دوران شب 0.1 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ کم سے کم درجہ حرارت15.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب بھی یہی درجہ حرارت ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ جہاں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران3.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، میں کم سے کم درجہ حرارت6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے3.3 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔