سری نگر: محکمہ موسمیات کی طرف سے برف وباراں کی پیش گوئی کے بیچ وادی کشمیر کے شبانہ درجہ حرارت میں بہتری درج ہوئی ہے۔ متعلقہ محکمے کے مطابق وادی میں 23 سے 26 مئی تک گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران کہیں کہیں ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے اور بعض علاقوں میں تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس دوران پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری ہونے کا بھی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے جموں وکشمیر میں 23 مئی کو کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بھاری بارشوں اور 30 سے 40 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کے لئے پہلے ہی 'اورینج وارننگ' جاری کر دی ہے۔
25 اور 26 مئی کے لئے 'زرد وارننگ ' جاری کر دی گئی ہے۔ ادھر خشک موسم کے بیچ وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں بہتری درج ہوئی ہے۔ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 13.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 12.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 9.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت9.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 6.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 5.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔