سرینگر:محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ وہیں بارشوں کی وجہ سے بازاروں میں عید سے قبل کی گہماگہمی بھی متاثر ہوئی ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں 22 اپریل تک موسمی صورتحال کے دگر گوں رہنے کا ہی امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی کے میدانی علاقوں میں 22 اپریل تک رک رک کر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشیں متوقع ہیں جب کہ پہاڑی علاقوں میں برف باری ہوسکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس دوران دن کے درجہ حرارت میں 4.0 ڈگری سینٹی گریڈ کی گراوٹ ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں 23 اپریل سے موسم میں بہتری واقع ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سری نگر میں 15.9 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ قاضی گنڈ میں 39.0 ملی میٹر، پہلگام میں 41.0 ملی میٹر، گلمرگ میں 49.6 ملی میٹر، کپوارہ میں 26.9 ملی میٹر، پلوامہ میں 20.0 ملی میٹر، شالیمار میں 20.0 ملی میٹر اور کوکر ناگ میں 25.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
وادی میں بارشوں سے جہاں درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے وہیں معمولات زندگی بھی متاثر ہوئے ہیں۔ وادی کے بازاروں میں عید سے قبل جو غیر معمولی بھیڑ دیکھی جاتی تھی وہ کہیں نظر نہیں آرہی ہے کیونکہ خراب موسمی حالات لوگوں کو گھروں سے باہر نکلنے کی دے رہے ہیں۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ امسال عید سے قبل بارشوں کی وجہ سے فی الوقت ہمارا کام ٹھپ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھیڑ عید سے قبل بازاروں کی ہوتی تھی وہ مفقود ہے۔ دریں اثنا گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 10.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب کے درجہ حرارت سے0.7 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔