سرینگر:محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں سردیوں کے بادشاہ چلہ کلاں کے آخری دنوں کے دوران بھاری برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کہیں کہیں ہلکے درجے کی برفباری و بارش متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں 30 جنوری کو درمیانی درجے کی برف باری ہونے کا امکان ہے تاہم پیر پنجال اور جنوبی کشمیر میں بھاری برف باری ہوسکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وادی میں 31 جنوری کو بھی کہیں کہیں ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری ہوسکتی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اس خراب موسمی صورتحال کے باعث برفانی تودے بھی گر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خراب موسمی حالات سے فضائی و زمینی ٹرانسپورٹ بھی متاثر ہوسکتا ہے اور بجلی کی سپلائی بھی متاثر ہوسکتی ہے۔ محکمے نے ان علاقوں جہاں برفانی تودے گر آنے کے خطرے رہتے ہیں، کے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ اس دوران گھروں سے باہر نکلنے میں احتیاط کریں اور مسافروں سے تاکید کی گئی ہے کہ وہ سڑکوں کی حالت معلوم کئے بغیر سفر نہ کریں۔ ادھر گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے ک م درجہ حرارت منفی1.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سری نگر میں 5 جنوری کو رواں سیزن کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی6.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی8.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی6.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی4.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی3.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔