محکمہ موسمیات کے علاقائی ناظم ڈاکٹر سونم لوٹس نے بتایا کہ جموں کشمیر 5 سے 7 مارچ تک مغربی ہواؤں کے زیر اثر رہے گا جس دوران 5 مارچ کی سہ پہر سے ہی ہلکی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا جس کی شدت بتدریج تیز ہوگی اور بالائی علاقوں میں درمیانی درجے سے بھاری برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں طوفان برق وباد کے ساتھ بارشیں ہوں گی۔
انہوں نے بتایا کہ 6 مارچ کو وادی کے میدانی علاقوں میں بھی برف باری متوقع ہے۔ موصوف ناظم نے بتایا کہ خراب موسمی حالات کے پیش نظر سرینگر- جموں قومی شاہراہ پر رام بن- بانہال علاقے میں مٹی کے تودے گر آنے کا بھی خدشہ ہے۔
انہوں نے باغ مالکان کو مطلع کیا کہ وہ 5 سے 7 مارچ تک اپنے باغوں کی دوا پاشی کرنے سے احتراز کریں۔ ادھر وادی کشمیر کو ملک کے دوسرے حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر بدھ کو یہ رپورٹ فائل کرنے تک دوسرے روز بھی ٹریفک کی نقل وحمل معطل رہی۔
ہائی ذرائع نے بتایا کہ منگل کے روز رام بن اور پیدہ علاقوں میں بھاری بھر کم مٹی کے تودے گر آنے کی وجہ سے قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحمل روک دی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ کو صاف کرنے کے لئے متعلقہ ایجنسیاں جنگی بنیادوں پر آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں اور گرین سگنل موصول ہوتے ہی پہلے شاہراہ پر درماندہ گاڑیوں کو اپنی اپنی منزلوں کی طرف چلنے کی اجازت دی جائے گی۔