شیر کشمیر انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ (ایس کے ائی ایم ایس) کی جانب سے تشکیل دی گئی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ ’’نہ ادارے نے اور نہ ہی ادارے کا احاطے میں بھارت کے خلاف پاکستان کی جیت کا جشن منایا گیا۔‘‘
ایس کے ائی ایم ایس (SKIMS) صورہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اے جی آہنگر نے بتایا کہ ’’ہم نے معاملے کے حوالے سے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی۔ اور گزشتہ روز کمیٹی نے اس حوالے سے اپنی رپورٹ پیش کی۔‘‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’’کمیٹی نے سماجی رابطہ گاہوں پر وائرل ویڈیوز کی جانچ کی اور اس نتیجے پر پہنچی کہ نہ ادارے نے اور نہ ہی ادارے کے احاطہ میں بھارت کے خلاف پاکستان کی جیت کا جشن منایا گیا تھا۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’جس سنٹرل حال کو ہمارے ادارے کا حال بتا کر اس واقعے کو سکمز کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے وہ کسی بھی لحاظ سے ادارے کا نہیں ہے۔‘‘
واضح رہے کہ ٹی20عالمی کپ میچ میں پاکستان نے بھارت کو دس وکٹوں سے شکست دی تھی۔ جس کے بعد وادی کے کئی علاقے سے پاکستان کی فتح کا جشن مناتے ہوئے لوگوں کی ویڈیوز وائرل ہو گئی تھیں۔ جموں و کشمیر پولیس نے ان ویڈیوز کا نوٹس لیتے ہوئے دو مختلف معاملات درج کر تحقیقات شروع کر دی ہے۔