سری نگر: ایس آئی یو سری نگر نے پانچ ملزموں جن میں دو عسکریت پسند اور تین عسکریت معاون شامل ہیں، کے خلاف این آئی اے کی ایک عدالت میں چارج شیٹ پیش کی۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ یکم نومبر 2022کو پولیس نے ایف آئی آر زیر نمبر 69اور یو اے پی اے دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن چھانہ پورہ سری نگر میں ایک کیس درج کیا۔
انہوں نے کہاکہ اس وقت کے ایس ڈی پی او صدر نے تحقیقات شروع کی اور بعد ازاں کیس کو ایس آئی یو سری نگر کے سپرد کیا گیا۔ بتادیں کہ پولیس نے ہرنہ بل چھانہ پورہ میں سپورٹس اسٹیڈیم کے نزدیک ایک ناکہ لگایا جس دوران دو مشتبہ افرادجن کی شناخت عامر مشتاق ڈار ولد مشتاق احمد ڈار ساکن سوزتھ لاوے پورہ اور کابل رشید ڈار ولد مشتاق احمد کے بطور ہوئی کی گرفتاری عمل میں لا کر ان کے قبضے سے دو گرینیڈ ، موبائیل فونزاور سم کارڈ برآمد کرکے ضبط کئے گئے تھے۔
موصوف ترجمان کے مطابق تحقیقات کے دوران اور ایک مشتبہ نوجوان عاقب جمال بٹ ولد محمد جمال ساکن سوزتھ کی گرفتاری عمل میں لائی گئی اور اس کی نشاندہی پرایگزیکٹیو مجسٹریٹ کی موجودگی میں رنگریٹھ میں ریلوے ٹریک کے نزدیک ایک آئی ای ڈی کو برآمد کرکے ضبط کیا گیا اور بعد ازاں بم ناکارہ بنانے والی ٹیم نے اس کو ناکارہ بنا دیا۔