بالی وڈ کے معروف ہدایت کار مدھر بھنڈارکر اس وقت تین روز کشمیر دورے پر ہیں۔
بالی وڈ کے معروف ہدایت کار مدھر بھنڈارکر مدھر بھنڈارکر نے ای ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وادی کی موجوہ صورتحال معمول پر ہے اور فلمسازوں کو وادی آکر فلموں کی شوٹنگ کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر بہت ہی خوبصورت جگہ ہے اور میری پسندیدہ جگہ ہے اور گذشتہ 15 برسوں سے میں یہاں لگاتار آرہا ہوں۔ کشمیر آکر بہت ہی اچھا لگتا ہے۔ ہدایت کار نے کہا کہ گزشتہ برس کورونا وائرس کے پیش نظر عائد لاک ڈاؤن کی وجہ سے وہ نہیں آ سکے تھے۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز ایشیا کا سب سے بڑا باغ گل لالہ سیاحوں کے لیے کھول دیا ہے اور دیکھ کر بہت ہی اچھا لگا۔ مجھے لگتا ہے کشمیر کی سیاحت کو بڑھانے کے لیے مثبت قدم ہے۔
مدھر بھنڈارکر نے فلموں کی شوٹنگ کے حوالے سے کہا کہ شوٹنگ کا سلسلہ بھی یہاں دوبارہ شروع ہونے والا ہے۔ بالی وڈ کے مختلف معروف فلمسازوں نے وادی میں فلمیں بنانے کی طرف دلچسپی دکھائی ہے۔"
کشمیر میں فلم بنانے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابھی میرے پاس کشمیر سے متعلق فلم بنانے کا کوئی موضوع نہیں ہے۔ مستقل میں اگر کوئی ایسا موضوع یا کہانی ملتی ہے تو اس پر ضرور فلم بناؤں گا۔
آپ دیکھیے 70 اور 80 کی دہائی میں ہر دوسری فلم کشمیر میں بنتی تھی۔ وہی، سلسلہ دوبارہ شروع ہوگا۔ یہاں فلم بننے سے سب كا فائدہ ہوتا ہے۔ یہاں کے مقامی فنکاروں اور دیگر افراد کو روزگار بھی ملتا ہے۔
انہوں نے کہا 'میری آنے والی فلم 'انڈیا لاک ڈاؤن' گذشتہ ایک برس کے دوران عوام کو پیش آئی مشکلات پر مبنی ہے۔ اس وقت فلم کی پوسٹ پروڈکشن چل رہی ہے اور رواں برس کے آخر تک ریلیز ہوگی۔
واضح رہے کہ مدھر بھنڈارکر سماجی فلموں کے لیے جانے جاتے ہیں جن میں فیشن، پیج تھری، سطح، چاندنی بار ٹریفک سگنل اور کارپوریٹ سرفہرست ہیں۔ اُن کو سن 2007 میں نیشنل اوارڈ اور 2016 میں پدمشری سے بھی نوازہ گیا ہے۔