سری نگر:مرکزی سرکار نے کشمیری پنڈتوں اور مغربی پاکستانی مہاجرین کو جموں کشمیر کی اسمبلی میں تین نشست مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کے متعلق رواں پارلیمنٹ سیشن میں وزیر داخلہ بل پیش کریں گے جس کی رو سے جموں و کشمیر کی تنظیم نو سے متعلق قانون مجریہ 2019 میں ایک اور ترمیم کی جائے گی جو لیفٹننٹ گورنر کو ان نشستوں پر نامزدگی کا اختیار دے گی۔ بل کے مطابق کشمیری پنڈتوں کو دو نشستیں دی جائے گی اور (مغربی پاکستان مہاجرین) ویسٹ پاکستان ریفیوجیز کو ایک سیٹ مختص رکھی جائے گی۔
تاہم اس بل پر جموں کشمیر میں سکھ آبادی ناراض ہوئی ہے۔ سکھ نمائندوں کا کہنا ہے کہ جموں کشمیر میں دو لاکھ سے زائد سکھ آباد ہیں جن کو مرکزی سرکار نے فراموش کیا ہے۔ یاد رہے کہ مرکزی سرکار رواں مانسون سیشن میں جموں کشمیر تنظیم نو قانون 2019 میں ترمیمی بل پیش کرے گی۔ اس بل میں دفعہ 14 کو ترمیم کرکے 107 سیٹوں کے بجائے 114 درج کیا جائے گا۔ بل میں ان تین سیٹوں کو مختص کرنے کے لئے سیکشن 15 اے اور بی شامل کیا جائے گا۔ جن میں ان سیٹوں کی تفصل درج ہوگی۔
کشمیری پنڈتوں کی دو سیٹوں میں ایک خاتون کے لئے مختص ہوگی۔ اس ترمیم سے جموں کشمیر میں اسمبلی سیٹوں کی تعداد 90 سے 95 تک پہنچے گی کیونکہ اس سے قبل دو سیٹیں خواتین کے لئے مختص رکھی گئی ہے۔ یہ سلسلہ سابق ریاست کے آئین میں موجود تھا۔ جسکو تنظیم نو قانون میں برقرار رکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ مغربی پاکستان مہاجرین سنہ 1947 میں ہندو پاک کے مابین جنگ کے بعد جموں صوبے میں مہاجرین کے طور آئے تھے اور اسی صوبے میں آباد ہو گئے۔ انکی آبادی پچاس ہزار سے زائد ہے اور انکو سابق ریاست میں اسمبلی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا حق نہیں تھا۔ لیکن پارلیمنٹ انتخابات میں یہ ووٹ کے اہل تھے۔
آئین ہند کی دفعہ 370 کے بعض حصوں اور 35 اے کی منسوخی کے بعد تنظیم نو قانون کے اطلاق کے بعد ان مہاجرین کو اسمبلی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے حقوق دئے گئے جبکہ جموں کشمیر کی شہریت بھی ان کو دی گئی۔