سرینگر:ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (ایس آئی اے) نے ہفتے کی صبح وادی کشمیر کے مختلف اضلاع میں چھاپے ماری کے دوران 29 لاکھ روپیہ برآمد کرکے ضبط کیے۔ یہ چھاپے ملی ٹنسی فنڈنگ کیس کے سلسلے میں مارے گئے ہیں۔Militancy Funding Case
ایس آئی اے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں عسکریت پسندی کے ایکو سسٹم کو پوری طرح سے تباہ کرنے کی خاطر (ایس آئی اے) کی جانب سے شروع کی گئی مہم کے تحت ہفتے کی صبح کپواڑہ ، بارہمولہ ، بانڈی پورہ ، سرینگر اور بڈگام میں مشتبہ افراد کے رہائشی مکانوں پر چھاپے مارے گئے۔انہوں نے بتایا کہ سی آئی کے کشمیر نے اس حوالے سے پہلے ہی ایف آئی آر زیر نمبر 20/2022 کے تحت کیس درج کیا ہے۔SIA Raid In Kashmir
یہ مقدمہ پاکستان میں مقیم ممنوعہ (عسکریت پسند) تنظیم (البدر) کے ارکان سے متعلق ہے جو کہ کچھ شناخت شدہ افراد/ عسکریت پسند معاونین کے ساتھ مل کر ایک منصوبہ بند طریقے سے مجرمانہ سازش کے تحت پاکستانی ایجنسیوں کی فعال حمایت اور ملی بھگت سے وادی میں کالعدم عسکریت پسند تنظیموں کی سرگرمیوں کو وسعت دینے کی خاطر فنڈز اکھٹا کر رہے ہیں۔
ایس آئی اے نے دعویٰ کیا ہے کہ اس طرح سے جمع کی گئی رقم کو غیر منظم چینلز کے ذریعے منتقل کیا جاتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس سازش کے ایک حصے کے طور پر عسکریت پسند فنڈنگ ماڈیول نے وادی کشمیر کے مختلف حصوں میں بہت سارے سلیپر سیل /عسکریت پسند معاونین بنائے ہیں جو جموں وکشمیر میں مختلف عسکریت پسند تنظیموں کو بینکوں کے ذریعے رقم منتقل کرنے میں بطور سہولیت کار کام کر رہے ہیں۔