سرینگر: جموں کشمیر کے ضلع شوپیان سے تعلق رکھنے والے شعلہ بیاں مقرر اور سنہ 2016 کے عوامی احتجاج کے دوران "آزادی چاچا" کے نام سے معروف سرجان برکاتی کی اہلیہ کو آج اسپیشل انویسٹی گیشن ایجیسنی (ایس آئی اے) نے گرفتار کرلیا ہے۔ سرجان برکاتی کی دختر صغریٰ برکاتی نے شوسل میڈیا پر اس کی جانکاری دی ہے۔
صغریٰ برکاتی نے فیس بک پر ایک ویڈیو پیغام میں اس بات کا دعویٰ کیا کہ جموں کشمیر پولیس کی ایس آئی اے نے ان کی والدہ کو پوچھ گچھ کے لیے پولیس تھانے بلایا تھا۔ صغرہ کے مطابق وہ صبح اسکول گئی تھیں اور انکی والدہ پولیس تھانے گئی تھی لیکن جب ہم اسکول سے گھر واپس آئے تو انکی والدہ گھر نہیں آئی تھیں۔
جس کے بعد انہوں نے اپنے ماموں کو فون کیا تو انھوں نے ان کو مطلع کیا کہ ان کی والدہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تاہم ایس آئی اے نے اس کے متعلق ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔ ای ٹی وی بھارت کو پولیس ذرائع سے معلوم ہوا کہ سرجان برکاتی کی اہلیہ کو کراوڈ فنڈنگ مقدمے کی تحقیقات کے ضمن میں آج ایس آئی اے نے سرینگر طلب کیا تھا جہاں ان کو گرفتار کرلیا گیا۔