اردو

urdu

ETV Bharat / state

افضل گورو کی ساتویں برسی پر مکمل ہڑتال اور پابندیاں

محمد افضل گورو کو سنہ 2001ء کے پارلیمنٹ حملہ کیس میں مجرم قرار دیکر 9 فروری 2013 ءکو دہلی کی تہاڑ جیل میں پھانسی دی گئی۔

افضل گورو کی ساتویں برسی پر مکمل ہڑتال اور پابندیاں
افضل گورو کی ساتویں برسی پر مکمل ہڑتال اور پابندیاں

By

Published : Feb 9, 2020, 6:52 PM IST

Updated : Feb 29, 2020, 6:55 PM IST

وادی کشمیر میں اتوار کو محمد افضل گورو کی ساتویں برسی کے موقع پرمکمل ہڑتال رہی جس کی وجہ سے معمولات زندگی معطل رہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق وادی کے سبھی ضلعی اور تحصیل ہیڈکوارٹرز میں دکانیں و تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمد ورفت معطل رہی۔ ادھر سرینگر میں تمام تجارتی و دیگر سرگرمیاں معطل رہنے کے علاوہ ہر اتوار کو لگنے والا سنڈے مارکیٹ بند رہا۔

افضل گورو کو تہاڑ جیل میں تختہ دار پر لٹکانے کے بعد اُن کی جسد خاکی کوجیل کے احاطے میں ہی سپرد خاک کیا گیا تھا۔ ان کے پسماندگان میں ان کی بیوہ تبسم اور بیٹا غالب گورو ہیں۔

جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ جس کو گزشتہ برس مرکزی حکومت نے کالعدم تنظیم قرار دیا، کے علاوہ میراعظ مولوی عمر فاروق کی قیادت والی حریت کانفرنس نے 9 فروری کو محمد افضل گورو اور 11 فروری کو جے کے ایل ایف کے بانی محمد مقبول بٹ کی برسی پر ہڑتال کی اپیل جاری کر رکھی ہے۔دونوں تنظیموں نے میڈیا کو بھیجے گئے بیانات میں ہڑتال کی کال دی ہے۔

محمد یاسین ملک جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین ہیں اور وہ گزشتہ قریب ایک سال سے دہلی کی تہاڑ جیل میں بند ہیں۔

جموں وکشمیر پولیس نے کالعدم تنظیم جے کے ایل ایف کی طرف سے جاری بیان کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اس کے خلاف پولیس تھانہ کوٹھی باغ میں ایف آئی آر درج کی ہے۔ ایف آئی آر میں اس پر لوگوں کو تشدد پر بھڑکانے اور لاء اینڈ آڈر کی صورتحال میں خلل ڈالنے کا الزام لگایا گیا ہے۔

وادی میں علیحدگی پسند تنظیمیں محمد افضل گورو اور مقبول بٹ کی باقیات کی واپسی کا مطالبہ کررہی ہیں۔ سرینگر کے عیدگاہ علاقہ میں واقع تاریخی مزار شہداء میں دو قبریں افضل گورو اور مقبول بٹ کی باقیات کے لیے خالی رکھی گئی ہیں۔
لبریشن فرنٹ کے بانی محمد مقبول بٹ کو 11 فروری 1984ء کو دہلی کی تہاڑ جیل میں پھانسی دی گئی تھی اور وہیں دفن کیا گیا تھا۔ اگرچہ وادی میں علیحدگی پسند رہنما و کارکنان کو ہر برس 9 اور 11 فروری کے پیش نظر تھانہ یا خانہ نظر بند رکھا جاتا تھا تاہم 5 اگست 2019 سے بیشتر علیحدگی پسند رہنما و کارکنان کے مسلسل تھانہ یا خانہ نظر بند رہنے کی وجہ سے انتظامیہ کو اس بار ایسا اقدام اٹھانے کی ضرورت نہیں پڑی۔

سرینگر میں اتوار کو افضل گورو کی برسی کے موقع پر حساس مانے جانے والےعلاقوں میں پابندیاں عائد رہیں۔ اسی طرح شمالی کشمیر کے ایپل ٹاون سوپور جو کہ افضل گورو کا آبائی قصبہ ہے، میں بھی پابندیاں عائد رہیں۔
سیکورٹی وجوہات کی بناء پر وادی بھر میں ریل خدمات معطل رکھی گئیں اور موبائیل انٹرنیٹ کو بھی بند رکھا گیا۔ سرینگر میں دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی آواجاہی معطل رہی، تاہم سرکاری دفاتر، تعلیمی ادارے اور بینک سرکاری تعطیل ہونے کی وجہ سے بند رہے۔
سرینگر کے سیول لائنز میں ہر اتوار کو لگنے والا سنڈے مارکیٹ بھی بند رہا۔ پائین شہر کے کچھ علاقوں میں کسی بھی طرح کے احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لئے سیکورٹی پابندیاں عائد رہیں جن کی وجہ سے وہاں تمام طرح کی سرگرمیاں مفلوج رہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پائین شہر کے کچھ علاقوں میں امن وامان کی صورتحال کو بنائے رکھنے کے لیے دفعہ 144 سی آر پی سی کے تحت پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ تاہم ایسے علاقوں میں زمینی صورتحال اس کے برعکس ہی نظر آئی۔پابندی والے بیشتر علاقوں میں سڑکوں کو خاردار تاروں سے سیل کردیا گیا تھا۔
پائین شہر کے سبھی علاقوں میں احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لئے سیکورٹی فورسز اور ریاستی پولیس کی بھاری جمعیت تعینات رہی۔ پائین شہر کے نوہٹہ علاقہ میں واقع تاریخی جامع مسجد جہاں حریت (ع) چیئرمین میرواعظ پانچ اگست 2019ء سے قبل ہر جمعہ کو اپنا معمول کا خطبہ دیتے تھے، کے باب الداخلوں کو ایک بار پھر مقفل رکھا گیا۔
اس تاریخی مسجد کے باہر سیکورٹی فورس اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد تعینات کی گئی تھی۔ بیشتر ٹیوشن اور کوچنگ سنٹروں نے 9 اور 11 فروری کو اعلان کر رکھا ہے

شمالی کشمیر کے ایپل ٹاون سوپور اور دیگر قصبوں و تحصیل ہیڈکوارٹروں میں بھی مکمل ہڑتال کی گئی۔
افضل گورو کے آبائی قصبہ سوپور میں تمام دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت بند رہی۔ تاہم اس قصبے جو حریت کانفرنس (گ) چیرمین سید علی گیلانی کا بھی آبائی علاقہ ہے، میں گورو کی برسی پر احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لیے سیکورٹی فورسز اور ریاستی پولیس کی اضافی نفری تعینات رہی۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ قصبہ سوپور میں امن وامان کی صورتحال کو بنائے رکھنے کے لئے پابندیاں نافذ رہیں۔ تاہم افضل گورو کے گھر پر قرآن خوانی اور ایصال ثواب کی مجلس منعقد ہوئی جس میں بڑی تعداد میں مقامی لوگوں نے شرکت کی۔

بارہمولہ سے بھی مکمل ہڑتال کی اطلاعات موصول ہوئیں جہاں تمام تجارتی اور دیگر سرگرمیاں معطل رہیں۔ قصبے میں اولڈ ٹاون کو سیول لائنز کے ساتھ جوڑنے والے پلوں پر سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات رہی۔ اننت ناگ سے موصولہ ایک رپورٹ کے مطابق جنوبی کشمیر کے اس اور دیگر قصبوں اور تحصیل ہیڈکوارٹروں میں بھی ہڑتال کی وجہ سے معمولات زندگی مکمل طور پر مفلوج رہے۔
جنوبی کشمیر میں دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی۔ تاہم سرینگر جموں قومی شاہراہ پر اکا دکا گاڑیاں چلتی ہوئی نظر آئیں۔ ایسی ہی رپورٹیں وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام اور گاندربل سے بھی موصول ہوئیں۔

Last Updated : Feb 29, 2020, 6:55 PM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details