سری نگر:جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ امرناتھ یاترا انسانی بہبودی اور معاشرے کے تمام طبقوں کی ترقی کی علامت ہے انہوں نے کہا کہ مقامی معیشت اور روزگار کے مواقع بھی اس یاترا کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار اتوار کے روز ریڈیو پروگرام 'عوام کی آواز' کے دوران کیا انہوں نے کہا: 'امر ناتھ یاترا یکم جولائی سے شروع ہو رہی ہے یہ یاترا انسانی بہبودی اور معاشرے کے تمام طبقوں کی ترقی کی علامت ہے'۔
ان کا کہنا تھا کہ مقامی معیشت اور روزگار کے مواقع بھی اس یاترا کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔ سنہا نے کہا کہ عرصہ دراز سے پورا معاشرہ اور تمام مسلکوں سے وابستہ لوگ یک جٹ ہو کر ملک کے مختلف حصوں سے آنے والے یاتریوں کا استقبال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام شہریوں کی بھر پور شرکت یقینی طور پر اس سال کی یاترا اور ثقافت و روحانیت کے تہوار کو کامیاب بنائے گی۔ ان کا کہنا تھا: 'میں ماہ گذشتہ سری نگر میں منعقد ہونے والے کامیاب ٹونٹی سربراہی اجلاس کے لئے جموں وکشمیر کے لوگوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں'۔