وادی کشمیر میں اگرچہ سخت ترین سردی کے 40 دنوں پر محیط چلہ کلان کی مدت ختم ہوگئی ہے۔ تاہم اس سخت ترین ٹھنڈ کے درمیان موسم سرما کے شدید ترین ایام کا دوسرا مرحلہ چلہ خورد کا آغاز ہوچکا ہے۔ جس کی مدت آئندہ 20 روز تک جاری رہے گی۔
جہاں 29 اور 30 کی درمیانی رات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.2 ڈگری سیلشیس ریکارڑ کیا گیا وہیں 30 اور 31 کی شب کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.8 ڈگری درج کیا گیا۔
ادھر سیاحتی مقام پہلگام میں منفی 12 ڈگری جبکہ گلمرگ میں شبانہ درجہ حرارت منفی 8 ڈگری سیلشیش ریکارڈ کیا گیا۔
یخ بستہ ہواوں کی وجہ سے پوری وادی سخت ترین سردی کی زد میں ہے۔ دن اور رات کے اوقات میں آسمان صاف رہنے کے نتیجے میں درجہ حرارت میں لگاتار کمی ریکارڈ کی جارہی ہے۔
صبح اور شام اس قدر شدت کی ٹھنڈ محسوس کی جاتی ہے کہ عام لوگ دوپہر کے بعد ہی گھروں سے باہر نکلنا عافیت سمجھتے ہیں ۔
شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے مسلسل نیچے درج کئے جانے کے باعث جھیل ڈل اور نگین جھیل سمیت دیگر آبی پناہگاہیں پھر سے منجمند ہوگئیں ہیں۔ پانی کی سپلائی پائیپوں کے علاوہ گھروں کے اندر موجود پانی کے نل اور ٹنکیاں بھی جم گئی ہیں۔