انڈین ایئر فورس نے جرمنی کے شہر میونخ سے 7 جدید ترین آکسیجن جنریشن پلانٹوں کو ایئر لفٹ کر کے سری نگر پہنچا دیا ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پیر کو دوپہر کے وقت انڈین ایئر فورس کے کارگو طیاروں، جن میں آکسیجن جنریشن پلانٹ لدے ہوئے تھے، نے یہاں ٹیکنیکل ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان، صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آکسیجن جنریشن پلانٹوں کی فراہمی کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر کہا گیا: 'جموں و کشمیر یونین ٹریٹری کو سات آکسیجن پلانٹ فراہم کرنے پر وزیر اعظم نریندر مودی کا انتہائی مشکور ہوں۔ ان کی مداخلت سے انڈین ایئر فورس نے ان آکسیجن پلانٹس کو میونخ جرمنی سے ایئر لفٹ کر کے سری نگر پہنچا دیا ہے'۔
ایک اور ٹویٹ میں کہا گیا: 'نئے آکسیجن پلانٹوں میں پانچ ایک ہزار ایل پی ایم کے، ایک 1500 اور ایک 600 ایل پی ایم کی گنجائش والا ہے۔ ان کی بدولت پہلے سے موجود صلاحیت میں مزید 7100 ایل پی ایم کا اضافہ ہوگا'۔
دریں اثنا بصیر خان نے ٹیکنیکل ایئرپورٹ پر اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا: 'جرمنی کے شہر میونخ سے بھیجے گئے آکسیجن جنریشن پلانٹ آج یہاں پہنچ گئے ہیں۔ ہم اپنے وزیر اعظم، لیفٹیننٹ گورنر، ایئر فورس اور محکمہ کسٹم کا شکر گزار ہیں جنہوں نے کارگو طیارے بھیج کر محض دو دن کے اندر سات آکسیجن پلانٹ میونخ سے راست یہاں پہنچا دیے'۔
انہوں نے کہا: 'بیک وقت ہمارے پاس یہاں 7 آکسیجن پلانٹ پہنچے ہیں۔ ان میں سے پانچ پلانٹ ایسے ہیں جن کی گنجائش ایک ہزار ایل پی ایم ہے۔ دیگر دو بالترتیب 1500 اور 600 ایل پی ایم کی گنجائش والے ہیں'۔
ان کا مزید کہنا تھا: 'ان پلانٹس کی بدولت ہماری ضرورت پوری ہوگی۔ مجھے امید ہے کہ اگلے تین دنوں کے اندر ان آکسیجن پلانٹس کو نصب کر کے چالو کیا جائے گا'۔