علیحدگی پسند رہنما شاہد الاسلام کی اہلیہ نے ایک مقامی خبررساں ایجنسی کو ان کے خاوند کی کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کی ہے، تاہم تہاڑ جیل حکام نے اس سلسلے کے تحت کیے جانے والے کسی سوال کا جواب نہیں دیا ہے۔
خیال رہے کہ شاہد الاسلام کو سنہ 2018 میں این آئی اے نے حوالہ فنڈنگ کے الزام میں گرفتار کیا تھا اور اس وقت سے وہ تہاڑ جیل میں قید ہیں۔
ان کے مثبت آنے سے دیگر اسیر حریت لیڈران کے اہل خانہ میں تشویش پیدا ہوگئی ہے۔ بزرگ علیحدگی پسند رہنما سید علی گیلانی کے داماد الطاف شاہ کے فرزند انیس شاہ نے اس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انکے والد بھی اسی سیل میں قید تھے جس میں شاہد الاسلام تھے۔
انیس شاہ نے ٹویٹ کے ذریعے کہا: ’’ہمارے عزیزوں کو اس خوف کے سائے میں قید رکھنے سے ہم پریشان ہیں۔‘‘
انکا مزید کہنا تھا کہ دلی کی صورتحال کو دیکھ کر انکی زندگی کا مقدر مخدوش ہے۔
قابل توجہ ہے کہ حریت کانفرنس (ع) نے پیر کو ایک بیان میں ان اسیران کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ سیاسی رہنمائوں میں محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، ایڈوکیٹ شاہد الاسلام، الطاف احمد شاہ، نعیم احمد خان، ایاز اکبر، اشرف صحرائی، ظہور احمد، پیر سیف اللہ، راجہ معراج الدین کلوال، سید شاہد یوسف، سید شکیل احمد، فاروق احمد ڈار، آسیہ اندرابی، فہمیدہ صوفی، ناہیدہ نسرین سمیت کشمیر اور کشمیر سے باہر مختلف جیلوں اور قید خانوں - جن میں تہاڑ جیل، کوٹ بھلوال جیل، جودھ پور جیل، آگرہ جیل، امپھلا جیل، ہریانہ جیل - وغیرہ شامل ہیں میں کسمپرسی کی حالت میں زندگی گزارنے پر مجبور کئے گئے ہیں۔
حریت نے حکام پر زور دیا ہے کہ جیلوں میں COVID-19 کے پھیلائو کے سبب ان تمام سیاسی رہنمائوں، نوجوانوں اور دیگر قیدیوں کو فوری طور رہا کیا جانا چاہئے۔