سرینگر: وادی کے قرب و جوار بالخصوص حساس اضلاع میں سکیورٹی بندوبست کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔شہر میں جہاں ناکوں کے جال کو مزید توسیع دی گئی ہے وہیں حساس مقامات پر سکیورٹی کی نفری میں بھی اضافہ کیا گیا ہے اور انہیں مزید چوکنا بھی رکھا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق سرینگر سمیت وادی کے باقی اضلاع میں سکیورٹی بندوبست کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ بعض مقامات پر سیکورٹی فورسز اہلکار سکوٹر سواروں کو روک کر ان کے بیگوں کی تلاشی لے رہے تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ شہر سرینگر میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے لوگوں پر نظر گزر رکھی جارہی ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سکیورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لا کر راہگیروں اور گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جی ٹوئنٹی اجلاس کے پیش نظر گرمائی راجدھانی سرینگر میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ جگہ جگہ اضافی اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی جو راہگیروں اور مسافروں کی باریک بینی سے تلاشی لے رہے ہیں۔ذرائع نے مزید بتایا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو ٹالنے کی خاطر سرینگر شہر میں اضافی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا جبکہ رات کے دوران فورسز کا گشت بھی بڑھایا گیا ہے۔