یوم آزادی کی تقریبات کے پیش نظر جموں وکشمیر پولیس نے فورسز کے اشتراک سے پوری وادی کشمیر بالخصوص سرینگر شہر اور دیگر قصبہ جات کے ساتھ ساتھ اہم شاہراوں پر سیکورٹی کے سخت بندوبست کئے ہیں۔
شہر سرینگر کے تمام تنصیبات کے ساتھ ساتھ ضلع اور تحصیل صدر مقامات پر بھی اعلی انٹلی جنس گریڈ کو متحرک کر دیا گیا ہے جبکہ مشکوک افراد کی نقل و حرکت پر قریبی نظر گزر رکھی جا رہی ہے۔
شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم - جہاں پر یوم آزادی کی سب سے بڑی تقریب منعقد ہونے والی ہے - کو تین دائرے والے حفاظتی بندوبست میں رکھا گیا ہے۔ اسٹیڈیم کے گرد و نواح میں بھی پولیس اور فورسز کی بھاری تعیناتی کو عمل میں لایا گیا ہے۔ سی سی ٹی وی کمیروں کے علاوہ ڈرون کے ذریعے سے بھی نقل وحرکت پر کڑی نگاہ رکھی جا رہی ہے۔
یوم آزادی کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر جموں وکشمیر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم، سرینگر میں اتوار کو لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا ترنگا لہرائیں گے جبکہ پولیس، سی آر پی ایف، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز، آئی ٹی بی پی، این سی سی کیڈٹوں اور اسکول بچوں اور بچیوں کی مارچ پاسٹ پر سلامی لیں گے۔