سرینگر (جموں و کشمیر):صحت و طبی تعلیم کے سیکریٹری بھوپندر کمار نے 108 فری ایمبولینس سروسز میگزین کے ساتویں ایڈیشن کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری صحت نے کہا کہ 108 فری ایمبولینس سروسز کے آغاز کے بعد سے لوگوں کو بہترین خدمات فراہم ہوئی ہیں۔ وہیں انہوں نے میگزین اور 108 خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ میگزین کے اجراء سے لوگوں میں 108 ایمبولینس خدمات سے متعلق بیداری حاصل ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر میں اب تک 234314 مریضوں نے اس سروس کا فائدہ اٹھایا ہے۔ وہیں ایمبولینس کے اندر 108 ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشنز سے 887 ڈیلیوریاں کامیابی کے ساتھ کی جا چکی ہیں۔ سیکریٹری نے مزید کہا کہ108 نے وبائی بیماری کے دوران بھی کلیدی کردار ادا کیا۔ وبا کے دوران اب تک 12110 کووڈ مثبت مریضوں نے 108 ایمبولینس خدمات سے استفادہ حاصل کیا ہے۔