ملک میں کرونا وائرس پر قابو پانے کے لیے ہفتے کے روز ٹیکہ کاری کی سب سے بڑی مہم کا آغاز کیا گیا، اس حوالے سے جموں وکشمیر میں بھی اس مہم کا باضابطہ طور پر افتتاح کیا گیا ہے۔
جموں و کشمیر کے سرمائی داراحکومت جموں کے جی ایم سی میں لیفٹینینٹ گورنر نے ٹیکہ کاری مہم کا افتتاح کیا، جبکہ شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ میں ٹیکہ کاری کی افتتاحی تقریب میں ایل جی کے مشیر آر آر بھٹناگر نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔
اس موقع پر مشیر آر آر بھٹناگر نے کہا کہ آج تاریخی دن ہے، کیونکہ جس وبا نے اب تک لاکھوں لوگوں کی زندگیاں چھین لی، اس وبا پر قابو پانے کے لیے ویکیسن سامنے لائی گئی ہے، اس ویکسین کو تیار کرنے والے سائنسدانوں کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے، تاہم انہوں نے احتیاطی تدابیر کے ساتھ ساتھ حکومت کی جانب سے وضع کیے گئے رہنما اصولوں پر بھی برابر عمل درآمد کرنے کی ہدایت دی ہے۔