سرینگر:شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ اور بانڈی پورہ کے دو ڈی ڈی سی انتخابی حلقوں میں کل(پیر کو) ضمنی انتخابات منعقد کئے جارہے ہیں جس سلسلے میں انتظامیہ نے سکیورٹی و دیگر انتظامات کر لیے ہیں۔ مذکورہ نشستوں میں بانڈی پورہ کے ہاجن اے اور کپواڑہ میں درگمولہ شامل ہے۔ ان میں پاکستان کے زیر انتظام کشمیر سے تعلق رکھنے والی خواتین سنہ 2020 میں ہوئے ڈی ڈی سی انتخابات میں بطور امیدوار تھیں تاہم اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے ان دو خواتین کی شہریت پر سوال اٹھا کر انتخابات کو منسوخ کیا تھا اور ووٹوں کی گنتی روک دی تھی۔
ہاجن اے سے سومیہ صدف جبکہ درگمولہ سے شاذیہ اسلم نے سنہ 2020 کے ڈی ڈی سی انتخابات میں بطور امیدوار حصہ لیا۔ یہ خواتین کشمیر کے سابق عسکریت پسندوں کے عقد میں ہیں اور کشمیر میں مقیم ہیں۔ یہ خواتین اپنے شوہروں کے ہمراہ سابق وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کی باز آبادکاری پالیسی کے تحت کشمیر آئے تھے۔ الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ مذکورہ خواتین نے کاغذات نامزدگی میں پاکستانی شہریت کی تفصیل نہیں دی تھی۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے ان دو خواتین کو انتخابات میں حصہ لینے کے لیے نااہل قرار دیا کہ یہ ووٹ بھی نہیں دے سکتی ہے۔