سرینگر (جموں و کشمیر) :جہاں گزشتہ دو برسوں کے دوران جموں و کشمیر خاص کر وادی میں 150 سے زائد فلم شوٹ کی گئی ہیں وہیں یہاں کے مقامی اداکاروں کو بھی اپنا ہنر منظر عام پر لانے کے لیے پلیٹ فارم مہیا ہوئے ہیں۔ ان ہی ہنرمند اداکاروں میں سرینگر کے رہنے والے میر سلمان بھی شامل ہیں۔ سلمان ابھی تک چار فلموں اور کئی ویب سیریز اور ایڈفلمز میں کام کر چکے ہیں۔
جہاں سلمان نے ارباز خان جیسے معروف بالی ووڈ اداکاروں کے ساتھ کام کیا ہے وہیں لوگوں کو تناؤ، تصّور، شور ویر، اور جان وانڈیو میں سلمان کی اداکاری بے حد پسند آئی ہے۔ اس کے مزید اُن کے چار دیگر پروجیکٹس بھی جلد ہی ریلیز ہونے والے ہیں۔ میر سلمان کا کہنا ہے کہ رواں برس کم از کم ایسی چار فلمیں منظر عام پر آئیں گیں جن میں انہوں نے اداکاری کی ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ خصوصی بات چیت کے دوران میر سلمان نے کہا انہیں بچپن سے ہی اداکاری کا شوق تھا تاہم سنہ 2019 سے ہی انہوں نے پیشہ ورانہ طور پر باقادگی کے ساتھ اداکاری شروع کی۔ میر سلمان نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ خصوصی گفتگو کے دوران کہا: ’’میرا نام سلمان ہے لیکن میں شاہ رخ کا مداح ہوں۔ میں نہ صرف اُن کی اداکاری بلکہ ان کی شخصیت سے بھی کافی متاثر ہوں۔‘‘