سرینگر:جموں وکشمیر میں جمعرات سے رحمتیں، برکتیں سمیٹنے کا مہینہ شروع ہو گیا ہے جس کے ساتھ ہی مساجد ، خانقاہیں اور زیارت گاہیں نمازیوں سے آباد ہو گئیں۔رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ عبادت ،تقوی، صبر،فیض و برکت اور دیگر نیکیوں کا مہینہ ہے اس بار رحمت ماہ میں لوگ اپنے گناہوں کی بخشش اور اللہ تعالی کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے عبادت میں محو ہوجاتے ہیں۔
امسال رواں مہینے کی 23 تاریخ یعنی آج وادی بھر میں بھی پہلا روزہ رکھا گیا۔ آمد رمضان کے مقدس موقعے پر مسجدوں خانقاہوں اور زیارت گاہوں میں میں عبادت گزاروں کی موجودگی سے سماء خوبصورت اور دورود و ازکار اور روح پرور مجالس کی آراستگی سے ہر سو فضائیں خوشبو بکھیر رہی تھیں۔
رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے پہلے روز وادی کشمیر کے خانقاہوں، آستانوں اور مساجد میں بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جس میں روزہ داروں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ماہ مبارک رمضان کے پیش نظر سرینگر سمیت وادی بھر کے بازاروں میں جمعرات کے روز تمام ڈھابے اور ہوٹل بند رہے جبکہ سرینگر میں واقع مشہور 'فوڈ سٹریٹ' میں بھی تمام دکان بند رہے۔سیول لائنز میں واقع فوڈ سٹریٹ جہاں دن بھر لوگوں کا تانتا بندھا رہتا ہے،میں بھی ہوکا عالم طاری رہا۔بعض جگہوں پر ڈھابوں اور ہوٹل مالکان کو دکانوں کی صفائی میں محو دیکھا گیا۔