سرینگر (جموں کشمیر):وادی کشمیر میں موسم کی صورتحال تبدیل ہو گئی ہے اور گزشتہ شام سے ہی بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں دوپہر کے بعد موسم میں بہتری کا امکان ہے، تاہم ناسازگار موسم کے باعث تمام شاہراہوں کو بند کیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر موسمی تبدیلی سے درجہ حرارت میں گراوٹ درج کی گئی ہے۔
کشمیر کے میدانی علاقوں میں درمیانی درجے کی بارش ہوئی وہیں بالائی علاقوں میں درمیانی درجے کی برفباری ہوئی۔ موسم کی تبدیلی سے سرینگر، مغل روڈ، سرینگر گریز روڈ، سونہ مرگ کا زوجیلا پاس اور کپوارہ - ٹنگڈا روڈ برفباری کی وجہ سے ٹریفک کی آمد و رفت کے لیے بند کئے گئے ہیں جس سے ان علاقوں میں رہنے والے لوگوں کا رابطہ سرینگر سے منقطع ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کے سیاحتی مقامات گلمرگ، پہلگام، سونہ مرگ، دودھ پتھری میں برفباری ہوئی جبکہ شوپیاں، کولگام، اننت ناگ اور کپوارہ کے بالائی علاقوں میں درمیانی درجے کی برفباری ہوئی ہے۔ برفباری اور بارشوں سے وادی میں درجہ حرارت میں گراوٹ درج ہوئی ہے جس سے سردی کی لہر میں اضافہ ہوا ہے۔