سرینگر: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے گرمی کی شدت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ متعلقہ محکمہ کے ایک ترجمان کے مطابق جموں وکشمیر میں گرج چمک کے ساتھ درمیانی سے بھاری بارشوں کا سلسلہ 9 جولائی تک جاری رہ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس دوران صوبہ جموں سمیت کشمیر کے بعض حصوں میں بھی بھاری بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کے نتیجے میں امر ناتھ جی یاترا متاثر ہو سکتی ہے اور دریائوں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھنے کا بھی امکان ہے جس کے نتیجے میں سیلابی ریلے آ سکتے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ بارشوں سے کہیں کہیں مٹی کے تودے گر آنے یا زمین کھسکنے کے بھی خطرات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھاری بارشوں کے نتیجے میں زمینی ٹرانسپورٹ بھی متاثر ہو سکتا ہے۔
بارشوں کے حوالہ سے محکمہ موسمیات نے مزید تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سرینگر میں 20.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ قاضی گنڈ میں 94.0 ملی میٹر، پہلگام میں 73.3 ملی میٹر، کپوارہ میں 17.3 ملی میٹر اور گلمرگ میں 42.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔ دریں اثنا بارشوں کے باعث وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں گراوٹ درج ہوئی ہے۔ ادھر، خراب موسم کے پیش نظر دوسرے روز بھی امرناتھ یاترا معطل رہی۔