سرینگر:گذشتہ ایک ہفتے سے ہو رہی بارشوں سے وادی کشمیر میں بارش کی کمی پوری ہونے کے امکانات روشن ہوئے ہیں۔بتادیں کہ کشمیر میں سال رواں کے پہلے تین مہینوں کے دوران بارش معمول سے کم ریکارڈ ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق گذشتہ ایک ہفتے سے ہو رہی بارشوں سے وادی میں بارشوں کی کمی کسی حد تک پوری ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یکم مارچ سے 20 اپریل تک ہونے والی بارشوں سے یہ کمی صرف 23 فیصد رہ گئی ہے جو پہلے 70 فیصد تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ 14 اپریل سے 20 اپریل تک یعنی گذشتہ ایک ہفتے کے دوران کشمیر میں 137 فیصد بارش معمول سے زیادہ ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ جموں میں اس ہفتے کے دوران 23 فیصد بارش معمول سے زیادہ ہوئی ہے۔ معروف ماہر موسمیات فیضان عارف کا کہنا ہے کہ رواں مہینے کے آخری دنوں کے دوران مزید بارشیں متوقع ہیں جس سے اس ماہ کے دوران بارشیں معمول کے مطابق ہونے کے امکانات ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماہ مارچ میں کشمیر میں معمول سے 48 فیصد کم بارشیں ہوئی تھیں۔