سرینگر:وادی کشمیر میں اسٹرا بری پھل پودوں سے اتارنے کا کام شروع ہوا ہے,تاہم اس سے وابستہ کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ امسال بارش کی وجہ سے پیدوار کو قریب 30 فیصد نقصان پہنچا ہے۔اسٹرا بیری وادی میں موسم سرما کے اختتام کے بعد تیار ہونے والا پہلا پھل ہے۔ پودوں سے اتارنے کے بعد یہ پھل صرف تین یا چار دنوں تک ہی تازہ رہ سکتا ہے اور اس پھل کو بھی ملک کی مختلف منڈیوں میں سپلائی کیا جاتا ہے۔
سرینگر کے مضافاتی علاقہ گوسو کھمبر جہاں اس وقت کاشتکار یہ پھل اتارنے کے کام میں انتہائی مصروف ہیں، سے تعلق رکھنے والے کاشتکار منظور احمد نے بتایا کہ امسال بارشوں کی وجہ سے اس پھل کی پیداوار کو 30 فیصد نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے کہا کہ 'امسال اسٹرا بیری کی پیدوار کافی زبردست ہوتی لیکن بارشوں کی وجہ سے پھل کو کافی نقصان پہنچا'۔
گوسو کھمبر میں قریب ایک ہزار کاشتکار اسٹرا بری کاشتکاری سے وابستہ ہیں اس علاقے میں سیب کے باغات بھی ہیں لیکن وہ لوگوں کا دوسرا ذریعہ معاش ہے۔منظور احمد نے کہا کہ امسال بارشوں سے نقصان پہنچے کے باوجود بھی فصل اچھی ہے جس سے کاشتکار مطئن نظر آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسٹرا بیری پھل کو روز شام کو پانی کے ہلکے چھرکائو کی ضرورت ہوتی ہے لیکن امسال جو مئی میں تیز بارشیں ہوئیں ان سے پھل کو نقصان پہنچا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم عام طور پر اس فصل کو بچانے کے لئے اس کے چھوٹے باغیچوں میں پانی ڈالتے ہیں۔