سرینگر (جموں و کشمیر) :لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر آر آر بھٹناگر نے چائلڈ ہیلتھ کیئر اور حفاظتی ٹیکوں کی کوشش کو تقویت دینے کی سمت ایک اہم قدم میں 500 بستروں والے گورنمنٹ چلڈرن ہسپتال بمنہ میں انٹیسفائیڈ مشن اندرا دھنش یعنئ آئی ایم آئی 5.0 امیونائزیشن مہم کا آغاز کیا۔ تقریب کا انعقاد ڈائریکٹوریٹ آف فیملی ویلفئیر ایم سی ایچ اور امیونائزیشن نے کیا اور اس کا مقصد نو مولود سے 5 برس کی عمر کے ان بچوں کا احاطہ کرنا ہے جو کی قومی امیونائزیشن شیڈول میں ویکسین سے محروم ہیں۔
مہم کا مقصد ان حاملہ خواتین کا بھی احاطہ کرنا ہے جنہوں نے ٹینٹنس اڈلٹ ڈفتھیر ویکسین نہیں لی ہے۔ اس میں ان بیماریوں کے خاتمے کے لئے خسرہ اور روبیلا ویکسین کی صد فیصد کوریج بھی ہے۔ یہ مہم رواں ماہ اگست سے شروع ہوکر اکتوبر میں تین راؤنڈ میں منعقد کی جائے گی۔ اس موقع پر مشیر آر آر بھٹناگر نے کہا کہ یہ مشن امیونائزیشن کوریج کو بڑھانے، شہری اور دور افتادہ علاقوں میں رہنے والے بچوں اور حاملہ خواتین کو اہم ویکسین فراہم کرنے کے حکومت کے عزم کا تسلسل ہے۔ وہیں اس مشن سے حفاظتی ٹیکوں کی کوریج میں کمی کو دور کرنے اور ہر بچے اور ماں کی زندگی بچانے والی ویکسین تک رسائی کو یقینی بنانے میں اہم رول ادا کرے گا۔