جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کے روز جموں میں اپنے یوم جمہوریہ خطاب کے دوران کامیاب اور تشدد سے پاک ڈی ڈی سی انتخابات کو انتظامیہ کی سب سے بڑی کامیابی قرار دیا۔
سنہا نے جموں میں یوم جمہوریہ پریڈ کے موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'ہم ضلعی ترقیاتی کونسلوں کے لئے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کرانے میں کامیاب رہے ہیں۔ ایک طویل عرصے سے جموں و کشمیر کے شہریوں کو بنیادی سطح کی جمہوریت سے دور رکھا گیا تھا۔'
'تشدد سے پاک ڈی ڈی سی انتخابات سب سے بڑی کامیابی' انہوں نے کہا 'ووٹرز کی زیادہ تعداد نے پچھلے انتخابات کا ریکارڈ توڑ دیا۔ میں اس کے لئے روشن خیال شہریوں، تمام ووٹرز، سنٹرل سیکیورٹی فورسز، فوج، پولیس اور انتظامی عہدیداروں کو خصوصی طور پر مبارکباد دیتا ہوں۔ ہم تمام منتخب نمائندوں کو یقین دلاتے ہیں کہ آپ کے تعاون سے جموں و کشمیر انتظامیہ ترقی کے ثمرات آخری شخص تک پہنچائے گی۔'
ایل جی کا مزید کہنا تھا کہ 'ہم تمام شہریوں کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ پڑوسی ملک کی سیاسی سازشوں اور مذموم ڈیزائنوں کو کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ سیکیورٹی ایجنسیوں نے تشدد پر مؤثر انداز میں قابو پالیا ہے اور جو لوگ اس پراکسی جنگ کی مدد سے اپنے سیاسی مقاصد کو پورا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ان کو مناسب جواب دیا جارہا ہے۔ '
سری نگر میں ایل جی کے مشیر بصیر احمد خان نے کہا کہ مرکز کی حمایت سے جموں و کشمیر امن اور ترقی کی نئی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ 'ہم پرامن اور ترقی پسند جموں و کشمیر کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔'