پلوامہ (جموں و کشمیر) :جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں پنگلینہ سڑک پر میگڈمائزیشن کا کام شروع کیا گیا ہے۔ پردھان منتری گرام سڑک یوجنا (پی ایم جی ایس وائی) کے اس سڑک کی میگڈمائزیشن انجام دی جا رہی ہے تاہم مقامی باشندوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’’سڑک پر میگڈم کی پتلی تہہ بچھائی جا رہی ہے جبکہ کئی مقامات پر میگڈمائزیشن کے ساتھ ہی فوری طور میکڈم اکھڑ رہا ہے۔‘‘
میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی باشندوں نے کہا: ’’میگڈمائزیشن کے نام پر رہائشیوں کے ساتھ مذاق کیا گیا۔ تارکول بچھانے کے ساتھ ہی جگہ جگہ پر ایک دن کے اندر ہی میگڈام اکھڑ کر گڑھے بننے شروع ہو گئے ہیں۔‘‘ لوگوں نے مزید کہا کہ اصول و ضوابط کو بالائے طاق رکھتے ہوئے سڑکوں کی تعمیر انجام دی جا رہی ہے جبکہ معلوم ہو رہا ہے کہ عوامی پیسوں کو دو دو ہاتھوں لوٹا جا رہا ہے افسران یا ٹھیکہ دار،کوئی بھی جواب دہ نہیں۔