سرینگر:صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری کا کہنا ہے کہ پراپرٹی ٹیکس کو لوگوں کے لئے بہتر سہولیات کی فراہمی پر صرف کیا جائے گا اور اس کی رقم میونسپل کارپوریشن اور میونسپل کمیٹیوں کے کھاتوں میں ہی جمع ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں اس ٹیکس کی شرح باقی ریاستوں کے ٹیکس کے مقابلے میں بہت کم ہے۔ موصوف صوبائی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو یہاں ٹی آر سی میٹنگ حال میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقعy پر ایس ایم سی کمشنر اطہر عامر خان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ’جموں وکشمیر کی ایک تہائی آبادی پہلے ہی اس ٹیکس سے مستثنیٰ ہے، کیونکہ ان کی پراپرٹی کا رقبہ ایک ہزار مربع فٹ سے کم ہے‘۔ ان کا کہنا تھا کہ ’جموں وکشمیر میں یہ ٹیکس سب سے آخر میں لاگو کیا جا رہا ہے اور ملک کی باقی ریاستوں کے مقابلے میں یہاں ٹیکس کی شرح بھی بہت کم ہے‘۔
وی کے بدھوری نے کہا کہ ان رہائشی مکانات پر پراپرٹی ٹیکس لاگو کیا جا رہا ہے جو 15 سو مربع فٹ رقبے پر تعمیر ہوئے ہیں اور اس کے علاوہ یہ ٹیکس سال میں صرف ایک بار ادا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ٹیکس کی صورت میں جمع شدہ رقم لوگوں کی بہبودی کے لئے استعمال کی جائے گی اور یہ رقم میونسپل کارپوریشن اور میونسپل کمیٹیوں کے کھاتوں میں جمع رہے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ٹیکس لاگو کرنے کے بغیر دوسرا کوئی چارہ ہی نہیں تھا جو لوگوں کو منظور ہوگا تاکہ انہیں بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔