سرینگر: صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو آج مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے دو روزہ دورے پر گرمائی دارالحکومت سرینگر پہنچ چکی ہے۔ وہ اپنے دورے کے دوران سرینگر میں کشمیر یونیورسٹی کے کانووکیشن میں شرکت کرے گی۔ وہیں 12 اکتوبر کو وہ جموں صوبے میں ماتا ویشنو دیوی کے مندر بھی جائے گی۔
جموں و کشمیر انتظامیہ کے ایک سینیئر افسر نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ "صدر مرمو کا جموں و کشمیر دورہ آج سے شروع ہوگا۔ وہ تقریبا 10 بجے سرینگر ہوائی اڈے پہنچے گی۔ وہاں سے اُن کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے فوج کی 15 کارپس کے ہیڈ کوارٹر بادام باغ کنٹونمنٹ لے جایا جائے گا۔ وہاں وہ وار میموریل پر گل باری کرے گی۔ اس کے بعد وہ کشمیر یونیورسٹی کے لیے روانہ ہو جائے گی۔ یونیورسٹی کی 20 کانووکیشن میں وہ بطور چیف گیسٹ شرکت کرے گی۔ کشمیر یونیورسٹی کے اس کانووکیشن میں 400 طلبہ کو تہنیت پیش کی جائے گی۔ کانووکیشن کے بعد وہ راج بھون میں مقامی قبائلی گروپوں کے ارکان اور سیلف ہیلپ گروپس کی خواتین سے بات چیت کرنے کے علاوہ وہاں ان کے اعزاز میں منعقد ہونے والے ایک شہری استقبالیہ میں بھی شرکت کریں گی۔ صدر جمہوریہ ہند کا شام کو جھیل ڈل کا دورہ کرنے کا بھی امکان ہے۔