جموں و کشمیر کے خطہ چناب کے سیاستدان و سابقہ وزیر برائے بجلی، سابق رکن اسمبلی بھدرواہ محمد شریف نیاز کا طویل علالت کے بعد پیر کے روز انتقال ہو گیا۔ مرحوم نے آخری سانس جموں کے میڈیکل کالج میں لی۔
محمد شریف نیاز کے انتقال پر اظہار افسوس سابق وزیر کی وفات کی خبر خطہ چناب میں آگ کی طرح پھیلی اور پورے خطہ میں صفِ ماتم بچھ گیا۔ خطہ چناب کے کانگریس خمیے کے قدآور سیاسی رہنما محمد شریف نیاز کی موت پر تمام سیاسی سماجی مذہبی رہنماؤں نے گہرے صدمہ کا اظہار کیا ہے۔
کانگریس کے سینئر رہنما و سابق وزیر عبدالمجید وانی نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ صدمے میں ہیں، محمد شریف نیاز کی موت کی خبر پر ابھی بھی یقین نہیں ہو رہا ہے وہ ایک سچے دوست ایماندار رہنما و پارٹی کے نڈر سپہسالار تھے۔ اُنہوں نے اپنی زندگی میں کئی نشیب و فراز دیکھے لیکن وہ کبھی بھی حالات سے گھبرائے نہیں۔ وہ اپنے فرائض کی انجام دہی میں دیگر ساتھیوں سے مخلص تھے۔ اُنہوں نے ہمیشہ عوامی مفاد میں کام کیا اور بھدرواہ بھلیسہ کے عوام پر اُن کے کئی احسان ہیں جن کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے۔
وانی نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار کنبہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شریف نیاز کی موت کا صدمہ صرف اُن کے کنبہ کو ہی نہیں بلکہ پوری کانگریس جماعت کو پہنچا ہے۔ اُن کی موت سے جو انخلا پیدا ہوا ہے اُس کو پُر کرنا ممکن نہیں ہے۔ اُنہوں نے مرحوم کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی اور مرحوم کے لئے مغفرت کی دعا کی ہے۔
کانگریس کے سنئیر رہنما و سابق وزیر غلام محمد سروڑی نے اپنے بیان میں کہا کہ اُن کو اس صدمہ سے بہت رنج پہنچا ہے اُن سے آج ایک سچا دوست، نڈر لیڈر اور خطہ چناب کی سیاست کا ایک چراغ جُدا ہوا ہے۔