جموں و کشمیر کے سیاسی رہنماؤں کے ساتھ وزیراعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول کی میٹنگ اختتام ہو گئی ہے۔ یہ میٹنگ 3:20 کے قریب شروع ہوئی اور ساڑھے چھ بجے کے قریب ختم ہوئی۔
اس میٹنگ میں جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بھی شرکت کی۔ یہ میٹنگ تین گھنٹے سے زیادہ وقت تک جاری رہی۔
میٹنگ کے بعد جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے رہنما الطاف بخاری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'یہ مذاکرات آج اچھے ماحول میں ہوئے۔ وزیر اعظم نے تمام قائدین کے مسائل سنے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ انتخابی عمل اس وقت شروع ہوگا جب حد بندی کا عمل ختم ہوجائے گا۔'
اس سے قبل 19 جون کو 14 سیاسی رہنماؤں کو وزیراعظم کی جانب سے میٹنگ کیلئے مدعو کیا گیا تھا۔ ان رہنماؤں کا تعلق آٹھ سیاسی جماعتوں - این سی، پی ڈی پی، بی جے پی، کانگریس، جموں و کشمیر اپنی پارٹی، سی پی آئی (ایم)، پیپلز کانفرنس اور پینتھرس پارٹی کے ساتھ ہے۔ انہیں مرکزی سیکرٹری داخلہ اجے بھلا نے 19 جون کے روز ٹیلیفون پر شرکت کے لئے مدعو کیا تھا۔ بعد میں انہیں باضابطہ دعوت نامے بھی روانہ کئے گئے۔ سبھی رہنماؤں نے کسی شرط کے بغیر اجلاس میں شرکت کی حامی بھری ہے۔ ان سیاسی رہنماؤں کا تعلق کشمیر اور جموں خطوں کے ساتھ ہے۔